اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یال پٹن میں مجلس حسینیؑ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت امام حسین ؑ اور انکے وفاشعار اصحاب و اقارب کی عظیم شہادتوں کو حق و انسانیت کے اصولوں کی پاسداری کا لامثال مظاہرہ قرار دیا۔
آغا حسن نے کہا کہ یزید اور حسین ؑ دو مختلف اور متضاد کردار ہیں جو ظلم و مظلومیت کی شکل میں رہتی دنیا تک متصادم رہیں گے روہنگیائی مسلمانوں پر برمی فوج اور بودھ اکثریت کی بے انتہا جبر و بربریت اور وسیع پیمانے پر قتل عام کو عصر حاضر میں یزیدیت کی بدترین مثال سے تعبیر کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے روہنگیائی مسلمانوں کو دنیا کی مظلوم ترین اقلیت قرار دینے کے باوجود عالمی برادری انکے قتل عام اور ملک بدری کو روکنے کیلئے کسی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی برمی فوج اور بودھ اکثریت ان مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے تمام تر ظالمانہ حربے استعمال کر رہی ہے اور داعش سے بڑھکر درندگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
آغا حسن نے کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے مغربی دعوے دار اس قتل عام پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اس صورت حال میں روہنگیائی مسلمانوں کی تمام تر امیدیں اسلامی دنیا پر مرکوز ہیں آغا صاحب نے اسلامی ممالک سے اپیل کہ وہ روہنگیائی مسلمانوں کو بچانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروے کار لاکر ضروری اقدامات کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲